صحابہ کرام کی گستاخی پر صحابہ کرام کا اسوہ

شعیب محمد

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ صحابہ کرام کی گستاخی و توہین حرام اور ممنوع ہے۔ اس بارے میں احکامات اتنے واضح اور مشہور ہیں کہ ہر مسلمان ان سے واقف ہے۔

مگر جس طرح دیگر اسلامی احکامات میں کمی بیشی کی وجہ سے انسان گناہوں کا مرتکب ہو سکتا ہے، اسی طرح بہت ممکن ہے کہ صحابہ کرام کے خلاف بھی کسی کی زبان سے کچھ نازیبا کلمات ادا ہو جائیں۔ ایسے میں ہمارا رویہ کیا ہونا چاہئے، اس بارے میں ہمارے ہاں افراط و تفریط کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔ ایک گروہ تو وہ ہے جو شاید صحابہ کرام کو گالیاں نکالنا ہی اپنا ایمان سمجھتا ہے تو دوسری طرف حال یہ ہے کہ صحابہ کرام کے حالات و واقعات پر بات کرنا یا ان میں سے کسی کے بارے معتبر ترین کتب میں موجود بات بیان کرنے کو ہی قابل گردن زدنی سمجھا جاتا ہے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ خود صحابہ کرام کے نام لیوا اس مسئلہ میں صحابہ کرام کے اسوہ و برتاؤ کو قبول نہیں کرتے بلکہ بعد والوں کی اندھی تقلید کرتے ہیں جو خود دیگر احادیث اور طریق صحابہ کے خلاف ہے۔

سب سے پہلے تو یہ بات خوب سمجھ لی جانی چاہئے کہ جو دین یہ اصول دیتا ہو کہ “اگر فاطمہ بھی چوری کرے تو اس کا ہاتھ کاٹ دیا جائے” وہ کسی جرم یا گناہ میں صرف اس لئے کسی کو چھوڑ دے کہ وہ صحابی ہے، سراسر دین اسلام پر بہتان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دور صحابہ میں جب بھی کسی سے کوئی جرم ہوا تو اس کی پوری سزا نافذ کی گئی۔ کوڑے بھی مارے گئے، رجم بھی کیا گیا، دیگر سزائیں بھی دی گئیں۔ “میرے کسی صحابی کو بُرا نہ کہو” کا یہ مفہوم کہاں سے نکل آیا کہ دنیاوی احکامات میں ان کے اعمال کا حساب نہیں لیا جائے گا۔ خوامخواہ بُرا کہنا تو کسی کو بھی غلط ہے لیکن اس کا مطلب یہ کیسے ہو گیا کہ اگر کوئی گناہ یا جرم کسی سے ہوا ہے تو اس کو بیان نہ کیا جائے؟ ایسے تو پھر کبھی کسی صحابی کے خلاف نہ کوئی گواہی دیتا نہ ان پر کوئی سزا ہوتی بلکہ سب کو یہ کہہ کر بری کر دیا جاتا کہ یہ صحابہ ہیں ان کو کچھ نہ کہو۔ اللہ کے ہاں ان کا معاملہ اللہ تعالیٰ پر ہی ہے کہ کون اجر ایک پاتا ہے یا دو لیکن ہر معاملے میں جب ان کو اسوہ مانا جاتا ہے تو ضروری ہے کہ دنیاوی معاملات میں ان کا ہر صحیح ہر غلط بھی واضح ہو ورنہ غلط کی پیروی بھی دلیل بن جائے، جو ہرگز دین اسلام کا اصول نہیں مانا جا سکتا۔ دوسرا اگر صحابہ کرام کے احوال چاہے کیسے بھی ہوں بیان کرنا جرم ہوتا تو معتبر ترین اسلامی کتب کے لکھنے والے بڑے بڑے آئمہ و محدثین پر اس کی فرد سب سے پہلے عائد ہوتی ہے جنہوں نے یہ سب جمع کر رکھا ہے۔

اس ساری تمہید کے بعد عرض ہے کہ صحابہ کی گستاخی و توہین سخت حرام ہی سہی لیکن اگر کوئی اس کا مرتکب ہو تو اسوہ صحابہ اس میں ہماری کیا رہنمائی کرتا ہے، جس پر چلنے کے ہم دعویدار ہیں۔ آئیے ایک نظر دیکھتے ہیں کہ مختلف واقعات میں صحابہ کرام کے خلاف سخت زبان اور گستاخانہ لب و لہجہ اختیار کرنے کے حوالے سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور خصوصاً خود صحابہ کرام کا اسوہ و رویہ کیا رہا:

1) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور کثیر صحابہ کے سامنے ایک معاملے پر اختلاف کی وجہ سے حضرت اسید بن حضیر نے حضرت سعد بن عبادہ کو مخاطب کر کے کہا: “اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تم منافقوں کا کردار ادا کرتے ہو اور ان کے دفاع میں زور بیان صرف کرتے ہو۔” اس معاملے پر انصار صحابہ کے دو گروہ آپس میں بھڑک اٹھے اور قریب تھا کہ لڑ پڑتے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں مسلسل خاموش کرواتے رہے حتیٰ کہ وہ چپ ہو گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی خاموشی اختیار کر لی۔ دیکھئے صحیح بخاری (کتاب المغازی، باب حدیث الافک، حدیث 4141)

2) حضرت ابو ہریرۃ نے خیبر کی غنیمت تقسیم ہوتے وقت حضرت ابان بن سعید کے لئے کہا: اے اللہ کے رسول! انہیں (غنیمت کا مال) مت دیجئے۔ اس پر حضرت ابان نے حضرت ابوہریرۃ کے لئے کہا: “او بلے نما جانور! تم یہ (کیا) کہہ رہے ہو اور (کہاں سے) ہمارے پاس ضال (پہاڑ) کی چوٹی سے اتر آئے ہو۔” رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان شدید الفاظ کے باوجود ان سے صرف اتنا فرمایا: ابان بیٹھ جاؤ۔

(سنن ابو داؤد، کتاب الجہاد، باب فیمن جاء بعد الغنیمۃ لا سہم لہ، حدیث 2723)

3) ایک معاملے میں حضرت ابی بن کعب نے خلیفہ دوئم حضرت عمر کو کہا: “آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ پر عذاب نہ بنیں۔” حضرت عمر نے اپنے معاملے کی توجیہ ضرور دی لیکن ان سخت الفاظ پر غصہ ہرگز نہ کیا۔

(صحیح مسلم، کتاب الاداب، باب الاستیذان، حدیث 5633)

4) حضرت عباس نے حضرت عمر سے حضرت علی کے بارے میں ایک اختلاف کے حوالے سے کہا: “میرے اور اس جھوٹے، گناہگار، عہد شکن اور خائن کے درمیان فیصلہ کر دیں۔”

(صحیح مسلم، کتاب الجہاد و السیر، باب حکم الفی، حدیث 4577)

اسی حدیث میں موجود ہے کہ حضرت عمر نے حضرت علی کے سامنے ان سے حضرت ابوبکر کے حوالے سے کہا: “تم نے انہیں جھوٹا، گناہگار، عہد شکن اور خائن خیال کیا تھا اور اللہ جانتا ہے کہ وہ سچے، نیک، راست رو اور حق کے پیروکار تھے۔” پھر اپنے حوالے سے بھی حضرت علی کے سامنے ان سے کہا: “پھر ابوبکر فوت ہوئے اور مَیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکر کا جانشین بنا تو تم نے مجھے جھوٹا، گناہگار، عہد شکن اور خائن خیال کیا اور اللہ جانتا ہے کہ مَیں سچا، نیک، راست رو اور حق کی پیروی کرنے والا ہوں۔”

حضرت علی نے حضرت عمر کے اپنے بارے اس گمان اور ان الزامات کی کوئی تردید نہ کی۔ تفصیل کے لئے دیکھئے صحیح مسلم (کتاب الجہاد و السیر، باب حکم الفی، حدیث 4577)

5) حضرت عائشہ نے واقعہ افک کی وجہ سے ام المومنین حضرت زینب کی بہن حضرت حمنہ کے لئے کہا: “حمنہ نے غلط راستہ اختیار کیا اور ہلاک ہونے والوں کے ساتھ وہ بھی ہلاک ہوئیں۔”

(صحیح بخاری، کتاب المغازی، باب حدیث الافک، حدیث 4141)

6) حضرت ابن عباس نے دورِ صحابہ سے تعلق رکھنے والی ایک عورت کے بارے فرمایا: “وہ عورت اسلام میں (داخل ہونے کے باوجود) علانیہ بُرائی (زنا) کرتی تھی۔”

(صحیح مسلم، کتاب اللعان، حدیث 3758)

7) حضرت عبداللہ بن عمر نے حضرت معاویہ کی بیعت کے موقع پر اپنی بہن ام المومنین حضرت حفصہ سے ان کے گھر میں کہا: آپ نے دیکھا! لوگوں نے کیا کیا ہے؟ مجھے تو حکومت کا کچھ حصہ نہیں ملا۔ اس پر حضرت حفصہ نے انہیں لوگوں میں بھیجا کہ ان کے رکنے سے اور اختلاف ہو گا۔ حضرت معاویہ کی بیعت ہو جانے کے بعد حضرت معاویہ نے خطبہ دیتے ہوئے کہا: “اس موضوع پر جس نے ہم سے بات کرنی ہے وہ اپنا سر اٹھائے، یقیناً ہم اس سے اور اس کے باپ سے خلافت کے زیادہ حقدار ہیں۔”

حضرت حبیب بن مسلمہ نے حضرت ابن عمر سے کہا: اس وقت آپ نے اس بات کا جواب کیوں نہ دیا؟ حضرت ابن عمر نے فرمایا کہ انہوں نے تو جواب دینے کا پختہ ارادہ کر لیا تھا کہ انہیں جواب میں کہا جائے: “خلافت کا تم سے زیادہ حقدار وہ شخص ہے جس نے تم سے اور تمھارے باپ سے اسلام کی سربلندی کے لئے جنگ لڑی تھی۔ مگر مجھے اندیشہ ہوا کہ مبادا میری اس بات سے مسلمانوں کے درمیان اختلاف بڑھ جائے اور خونریزی ہو جائے اور میری طرف ایسی باتیں منسوب ہو جائیں جو میں نے کہی نہ ہوں۔ نیز مجھے وہ اجر و ثواب یاد آیا جو صبر کرنے والوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے جنتوں میں تیار کر رکھا ہے۔” حضرت حبیب نے یہ سب سُن کر کہا: اچھا ہوا آپ محفوظ رہے اور فتنوں سے بچ گئے۔

(صحیح بخاری، کتاب المغازی، باب غزوۃ الخندق۔۔۔۔، حدیث 4108)

😎 حضرت ابن عباس نے ایک اختلاف کی وجہ سے حضرت عبداللہ بن زبیر کے بارے میں کہا: “معاذ اللہ! یہ تو اللہ تعالیٰ نے ابن زبیر اور بنو امیہ ہی کے مقدر میں ہی لکھ دیا ہے کہ حرم پاک کی بے حرمتی کریں….”

(صحیح بخاری، کتاب التفسیر، حدیث 4665)

9) حضرت معاویہ نے صحابی رسول حضرت سعد بن ابی وقاص کو حکم دیا اور کہا “آپ کو کیا چیز روکتی ہے کہ آپ ابوتراب (حضرت علی) کو بُرا بھلا کہیں۔” اس کے جواب میں حضرت سعد بن ابی وقاص نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سُنے، حضرت علی کے فضائل بیان کئے اور انہی فضائل کی وجہ سے حضرت علی کو بُرا کہنے سے انکار کیا۔ دیکھئے صحیح مسلم (کتاب فضائل صحابہ، باب من فضائل علی بن ابی طالب، حدیث 6220)

10) حضرت عائشہ کے شاگرد تابعی عروہ بیان کرتے ہیں: “مَیں نے حضرت حسان بن ثابت کو بُرا بھلا کہا کیونکہ وہ واقعہ افک میں حضرت عائشہ کے متعلق بہت کچھ کہا کرتے تھے۔”

(صحیح بخاری، کتاب المغازی، باب حدیث الافک، حدیث 4145)

اسی طرح حضرت عائشہ کے دوسرے شاگرد تابعی مسروق نے حضرت عائشہ کے سامنے حضرت حسان بن ثابت کو قرآن کی آیت کا مصداق ٹھہراتے ہوئے عذابِ عظیم کا مستحق قرار دیا۔ اس پر حضرت عائشہ نے تردید کرنے کی بجائے فرمایا: “اس سے سخت عذاب اور کیا ہو گا کہ وہ دنیا میں اندھا ہو گیا ہے۔” مگر اپنے ان شاگردوں کے سامنے وہ حضرت حسان بن ثابت کی یہ تعریف بھی ضرور کرتی تھیں کہ وہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا دفاع اور حمایت کرتے تھے۔

(صحیح بخاری، کتاب المغازی، باب حدیث الافک، حدیث 4146)

11) مدینہ منورہ میں آل مروان سے جو شخص عامل بنایا گیا، اس کا حال یہ تھا کہ صحابی رسول سہل بن سعد کو بلایا اور حکم دیا کہ وہ حضرت علی کو گالی دیں۔ حضرت سہل نے انکار کیا تو اس نے کہا: “اگر تم اس سے انکار کرتے ہو تو کہو: اللہ ابو تراب (حضرت علی) پر لعنت کرے۔” حضرت سہل بن سعد نے اس قدر شدید توہین کے باوجود اشتعال میں آئے بغیر جواب میں حضرت علی کی فضیلت والی حدیث سُنا دی۔

(صحیح مسلم، کتاب فضائل صحابہ، باب من فضائل علی بن ابی طالب، حدیث 6229)

12) حضرت مغیرہ بن شعبہ کے پاس کوفہ کا ایک شخص آیا اور کسی کو شدید بُرا بھلا کہنے لگا۔ حضرت سعید بن زید بھی وہاں موجود تھے انہوں نے پوچھا: اے مغیرہ! یہ کسے بُرا بھلا کہہ رہا ہے؟ حضرت مغیرہ نے کہا: یہ حضرت علی کو گالیاں دے رہا ہے۔ حضرت سعید بن زید نے اس پر حضرت مغیرہ کا تین دفعہ نام لے کر کہا: “کیا مَیں یہ نہیں سنتا کہ آپ کے سامنے اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو گالیاں دی جاتی ہیں لیکن آپ نہ ان کا انکار کرتے ہیں نہ اس سے کسی کو روکتے ہیں۔” اس کے بعد حضرت سعید بن زید نے حضرت علی کی دیگر صحابہ کے ساتھ جنتی ہونے کی بشارت والی حدیث بیان کی۔

(الفتح الربانی فی ترتیب مسند احمد، کتاب المناقب، باب ما جاء فی فضل العشرۃ المبشرین۔۔۔۔، حدیث 11591)

13) حضرت معاویہ نے مروان کو حجاز کا گورنر بنایا۔ اس نے ایک موقع پر خطبہ دیا اور یزید بن معاویہ کا بار بار تذکرہ کیا تاکہ اس کے والد (حضرت معاویہ) کے بعد اس سے لوگ بیعت کریں۔ اس پر صحابی رسول حضرت عبدالرحمٰن بن ابوبکر نے اعتراض کیا تو مروان نے کہا: انہیں پکڑ لو۔ حضرت عبدالرحمٰن اپنی بہن حضرت عائشہ کے گھر چلے گئے تو لوگ انہیں پکڑ نہ سکے۔ اس پر مروان نے قرآن کی ایک مذمت والی آیت کا مصداق حضرت عبدالرحمٰن کو ٹھہرا دیا۔ اس پر حضرت عائشہ نے پردے کے پیچھے سے فرمایا: ہمارے بارے میں تو اللہ نے (مذمت کی) آیت کوئی نازل نہیں کی، ہاں میری تہمت سے براءت والی آیات ضرور نازل ہوئی تھیں۔

(صحیح بخاری، کتاب التفسیر، حدیث 4827)

14) حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص نے امام (حکمران) کی اطاعت کرنے والی حدیث بیان کی تو ان کے شاگرد تابعی عبدالرحمان بن عبدالرب الکعبہ نے کہا: “یہ جو آپ کے چچا ذاد معاویہ ہیں وہ تو ہمیں حکم دیتے ہیں کہ ہم آپس میں ایک دوسرے کا مال ناجائز طریقے سے کھائیں اور ایک دوسرے کو قتل کریں۔۔۔۔” حضرت عبداللہ بن عمرو حضرت معاویہ کے بارے یہ سننے پر پہلے تو گھڑی بھر خاموش رہے اور پھر کوئی تردید کرنے کی بجائے صرف یہ کہا: “اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ان کی اطاعت کرو اور اللہ تعالیٰ کی نافرمانی میں ان کی نافرمانی کرو۔”

(صحیح مسلم، کتاب الامارۃ، باب وجوب الوفاء۔۔۔۔، حدیث 4776)

صحابہ کرام کے درمیان پیش آنے والے ان واقعات کو بار بار پڑھئے بلکہ جو احباب شوق رکھتے ہیں، وہ اصلی کتب سے ان واقعات کو مکمل ملاحظہ کریں۔ ان حوالہ جات سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ خود صحابہ کرام نے اختلاف کی بنا پر ایک دوسرے پر شدید تیز و تند تنقید کر رکھی ہے۔ حتیٰ کہ خود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بھی اس طرح کا جب معاملہ آیا آپ نے فریقین کو خاموش تو ضرور کروایا لیکن اگر اختلاف کی وجہ حالات و واقعات کی سنگینی تھی تو کسی کو بھی شدید تنبیہ تک نہ کی گئی۔

اسی طرح صحابہ کرام نے آپس میں فروعی و سیاسی اختلافات کی بنا پر سخت ترین جملوں میں ایک دوسرے کی مذمت کی۔ جو سامنے کر سکتے تھے انہوں نے سامنے ہی مذمت کی اور جو کسی فتنے کی وجہ سے سامنے مذمت نہ کر سکتے تھے، انہوں نے علیحدہ ضرور اپنے نزدیک ہونے والی ناانصافی اور غلط طرز عمل پر شدید احتجاج کیا چاہے سامنے کوئی صحابی ہی کیوں نہ ہو۔ ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ اگر کوئی صحابی کسی گناہ میں ملوث تھا تو بھی اس کی نشاندہی کی گئی اور یہ لحاظ نہیں کیا گیا کہ صرف شرفِ صحابیت کی وجہ سے اس سے صرفِ نظر کیا گیا ہو۔

صحابہ کرام پر تنقید اور مذمت کا معاملہ صرف صحابہ تک ہی نہیں رہا بلکہ بعد والے تابعین کی جانب سے بھی ان کے نزدیک صحابہ کرام کے غلط اور خلاف اسلام معاملات پرکُھلی اور شدید تنقید ہوئی لیکن کسی نے اس بات کو ان کے ایمان کی بربادی قرار نہیں دیا۔ پھر بعد میں آنے والوں کی جانب سے تو صحابہ کرام کے سامنے کئی اصحاب رسول کو گالیاں تک دی گئیں، لعنت بھیجی گئی لیکن صحابہ کرام نے خاموشی اختیار کی یا ان کی فضیلت بیان کر دی۔ یہ کہیں نظر نہیں آتا کہ صحابہ کرام پر ایسی ناروا تنقید ہونے پر خود ان کی جانب سے کسی اشتعال کا مظاہرہ کیا گیا ہو یا انہیں دائرہ اسلام سے خارج ہونے کے فتوے دیے گئے ہوں۔

ہمارے ہاں افسوس کی بات ہے کہ صحابہ کرام کو معیار ماننے کا دعویٰ کرنے والے بھی اس معاملے میں اصحاب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اس اسوہ کی بالکل پرواہ نہیں کرتے اور شاید اپنے ایمان کو صحابہ کرام سے بھی افضل سمجھتے ہیں۔ اس معاملے میں فتوے بازیوں کا ذہن رکھنے والوں کو سمجھ لینا چاہئے کہ ان کی دوسروں کو ایسے معاملات کی وجہ سے گمراہ و کافر قرار دینے کی ذد سب سے پہلے کن کن ہستیوں کے خلاف جا پڑتی ہے